منگلورو 31/ مئی (ایس او نیوز) مینگلور کے قریب اُلال تعلقہ کے تھوکٹو میں اوور برڈج کے پاس واقع ایک آٹو موبائل کی دکان میں آگ لگ جانے سے لاکھوں مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
کمپالا کے بھرت کی ملکیت والی اس دکان میں آگ لگنے کا اصل سبب ابھی معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ البتہ بتایا گیا ہے کہ آج پیر صبح بھرت نے اپنی دکان کا شٹر کھول کر بھگوان کے فوٹو کے سامنے دیپ جلانے کے بعد دکان بند کرکے چلا گیا تھا جس کے کچھ ہی دیر بعد مقامی لوگوں نے دیکھا کہ دکان کے اندر سے گہرے دھویں کے بادل نکل رہے ہیں۔
وہاں پر موجود افراد نے دکان کا دروازہ توڑ کر اندر پانی انڈیلتے ہوئے آگ بجھانے کی پوری کوشش کی مگر اس میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ پھر نوجوانوں کے ایک گروپ نے پانی کا ٹینکر منگوایا اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کی ۔ اس دوران فائر بریگیڈ اور ایمرجنسی سروس کو اطلاع کردی گئی تھی۔ لیکن جب تک وہ لوگ پہنچتے تب تک مقامی افراد نے آگ بجھا دی تھی۔
الال پولیس کے افسران اور عملہ نے جائے وقوع پر پہنچ کر بھیڑ کو کنٹرول کیا۔